اسلام آباد: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کی درخواست منظور کرلی۔
کیس میں عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی 9 جنوری سے شروع کی جائے گی۔
عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کو طلب کرتے ہوئے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ سنایا جو 12 دسمبر کو محفوظ کیا گیا تھا۔
ایڈیشنل سیشن جج نے اپنے فیصلے میں درخواست کی سماعت 9 جنوری کو مقرر کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کردیا۔
عدالت نے اس ہفتے کے شروع میں درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ مقدمے کی سماعت 09 جنوری سے شروع ہوگی۔
22 نومبر کو، ٹرائل کورٹ نے الیکشن کمیشن کی طرف سے عمران خان کے خلاف مبینہ طور پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کے الزام میں دائر توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔
گزشتہ سماعت پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے وکیل سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے دلائل پیش کئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کو جو بھی تحفہ ملتا ہے اسے توشہ خانہ میں جمع کروانا پڑتا ہے۔”عمران خان نے کہا کہ انہوں نے توشہ خانہ تحائف سے حاصل کردہ رقم سے سڑک بنائی،”۔