مقبوضہ کشمیر میں بادل کے پھٹنے کے باعث ضلع رامبن میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ 50 سے زائد مکانات بھی پانی میں بہہ گئے۔
مقبوضہ کشمیر کے ضلع رامبن شدید بارش کی وجہ سے سیلاب صورتحال پیدا ہوگئی، سرکاری حکام نے متعدد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق تیز بارشوں سے جموں، سری نگر قومی شاہراہ پر کے درمیان تقریباً ایک درجن مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔
سیلابی صورتحال کی وجہ سے 50 سے زائد مکانات پانی میں بہہ گئے جبکہ مختلف حادثات میں 2 افراد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوئے ہیں۔
ضلع ریاسی ضلع میں آسمانی بجلی گرنے سے 40 سے 50 بھیڑیں اور بکریاں بھی مر گئیں۔ سرکاری حکام نے مقامی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔
دوسری جانب حکام نے بتایا ہے کہ طوفانی بارشوں سے دریائے جہلم میں پانی کی سطح مزید بڑھنے کا خدشہ ہے تاہم سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔