کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل مکمل ہوگیا جبکہ الیکشن کی دوڑ میں کالعدم ٹی ایل پی کا امیدوار بھی شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 249 کے انتخاب کیلئے بیلٹ پیپرز شائع ہوگئے جو 24 اپریل کو الیکشن کمیشن حکام کے حوالے کردئیے جائیں گے جن میں کالعدم تحریکِ لبیک کا انتخابی نشان کرین موجود ہے۔
کالعدم ٹی ایل پی کا امیدوار بطور سیاسی جماعت انتخابی دنگل کا حصہ ہے۔ بیلٹ پیپر گرین (ہرے) رنگ کا ہوگا۔ ضمنی انتخاب کیلئے 3 لاکھ 50 ہزار بیلٹ پیپرز شائع کیے گئے ہیں اور ہر بیلٹ پیپر پر بارکوڈ موجود ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل سندھ بھر میں کورونا کیسز میں حالیہ اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت سندھ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کردی۔
ای سی پی کو لکھے گئے خط میں حکومت سندھ نے2 روز قبل الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ ضمنی الیکشن کو اس وقت تک ملتوی کردے جب تک کہ کورونا وائرس پرقابو نہیں پایاجاتا۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت کی این اے 249 کا ضمنی الیکشن ملتوی کرنیکی درخواست