اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ نے تحریکِ لبیک پر پابندی کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریکِ لبیک کی جانب سے ملک گیر مظاہروں کے بعد وفاقی کابینہ کا یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے تحریکِ لبیک پر پابندی کی منظوری دے دی ہے۔
کابینہ ڈویژن ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی کابینہ نے ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے انسداِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مذہبی و سیاسی جماعت پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دی جو سرکولیشن سمری کے ذریعے حاصل کی گئی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پر پابندی سے متعلق سمری تیار کی جسے وزیرِ اعظم عمران خان نے منظور کر لیا۔سمری منظور کیے جانے کے بعد سے تحریکِ لبیک پر ملک بھر میں پابندی عائد کیے جانے کی توقع کی جارہی تھی۔
گزشتہ روزباوثوق ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ سرکلر سمری کے ذریعے تحریک لبیک پر پابندی لگانے کی منظوری دے گی۔ آج وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ملک بھر میں تحریکِ لبیک کی سیاسی و مذہبی سمیت ہر قسم کی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے تحریک لبیک پر پابندی سے متعلق سمری منظور کرلی
وفاقی حکومت کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کے فیصلے کے بعد گزشتہ روز کراچی میں موجود قیادت کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے گئے۔ شہر میں ٹی ایل پی کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا۔
محکمہ داخلہ نے آئی جی سندھ کو احتجاج کرنے والے افراد کو ایم پی او کے تحت نظر بند کرنے کا حکم جاری کردیا، کراچی ، حیدرآباد، سکھر ، بینظیر آباد، سانگھڑ سمیت دیگر مقامات پر احتجاج کرنے والے افراد فہرست میں شامل کرلیے گئے۔
مزید پڑھیں: تحریک لبیک کی قیادت وکارکنوں کی گرفتاری کاحکم،لسٹیں تیار،کریک ڈاؤن شروع