لاہور: عدالت میں ٹک ٹاک کے بالواسطہ استعمال کے خلاف بھی درخواست دائر کردی گئی، درخواست گزار کے مطابق بعض صارفین ٹک ٹاک تک رسائی کیلئے پراکسی اور وی پی این کا استعمال کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ندیم سرور ایڈووکیٹ نامی درخواست گزار نے لاہور ہائی کورٹ میں قانونی درخواست دائر کی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ٹک ٹاک کے بالواسطہ استعمال پر بھی پابندی عائد کی جائے تاکہ کوئی بھی صارف ٹک ٹاک تک رسائی حاصل نہ کرسکے۔
ندیم سرور ایڈووکیٹ کا درخواست میں کہنا ہے کہ پی ٹی اے نے ٹک ٹاک پر پابندی قانونی ضابطوں کے مطابق لگائی، اس کے باوجود بے شمار صارفین پراکسی اور وی پی این کا استعمال کرکے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
ٹک ٹاک کے ساتھ ساتھ ندیم سرور ایڈووکیٹ نے لائیکی نامی ایپ کے استعمال پر بھی اپنی درخواست میں اعتراض اٹھایا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق لائیکی اور ٹک ٹاک جیسی ایپس کے استعمال سے بے حیائی کے ساتھ ساتھ جرائم میں بھی اضافہ جاری ہے۔
عدالت میں دی گئی درخواست میں ندیم سرور ایڈووکیٹ نے کہا کہ ٹک ٹاک اور لائیکی صارفین کا وقت برباد کرتے ہیں، لاہور ہائی کورٹ براہِ کرم دونوں ایپس پر پابندی کا حکم دے تاکہ جرائم اور بے حیائی کم ہو۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ کیوں ہوا؟ اصل وجوہات سامنے آگئیں