لاہور: مشہور ٹک ٹاک اسٹار صندل خٹک نے لاہور کی سیشن کورٹ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے خلاف درخواست دائر کردی۔
صندل خٹک کی جانب سے سیشن کورٹ میں دائردرخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایف آئی اے انہیں ہراساں کر رہا ہے، عدالت ایف آئی اے کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے۔
صندل خٹک کا کہنا تھا کہ ایف ائی اے نے نامعلوم انکوئری میں 28 اکتوبر اور پھر 5 نومبر 2019 کو طلبی کے نوٹسز جاری کیے، انہیں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ ان کے خلاف کس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔
درخواست میں صندل خٹک نے عدالت سے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو ان کے خلاف جاری تحقیقات سے متعلق تمام دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
ان کاکہنا تھا کہ کبھی کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں رہی، پاکستان کی شہری ہوں اور ٹک ٹاک سٹار ہوں، انہیں کسی طرح کی کوئی معلومات نہیں دی گئی اور نہ ہی ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کے حوالے سے انہیں کچھ بتایا گیا۔
انہوں نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا کہ وہ کبھی بھی کسی طرح کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہیں اور وہ ملک کی معصوم شہری ہیں، ایف ائی اے کی جانب سے بار بار طلبی کے نوٹسز جاری کیے جارہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹک ٹاک اسٹارز حریم شاہ اوراور صندل خٹک کے اصل نام سامنے آگئے