اسلام آباد:حکومتی ترجمان شہباز گل نے کہا ہے کہ ٹائیگرفورس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔شہباز گل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کیا ٹائیگر فورس کیلئے فارم پر کسی پارٹی کاذکر ہے؟
شہباز گل نے کہا کہ کیا ٹائیگر فورس میں رجسٹریشن کرتے ہوئے پوچھا جاتا ہے کہ ووٹ کسے ڈالا؟ کیا سسٹم کوخواب آتا ہے کہ یہ شخص جیالا یا متوالا ہے اسے رجسٹرنہیں کرنا؟
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے نیا شوشہ چھوڑ دیا، کہتے ہیں ٹائیگر فورس کے مقابلے پر پیپلز فورس بنائی ہے، پیپلز پارٹی کہتی ہے پیپلز فورس کو بھی ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت دیں۔
حکومتی ترجمان نے کہا کہ حکومت نے جب سیاست سے بالاتر ہوکرفورس بنادی تو اس ڈرامے کی کیا ضرورت ہے۔ کورونا کا حل تو نکل آئیگا تاہم اس سیاسی وبا کا کیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال نے تقریباً 3500 ٹیسٹ کیے جن میں سے 2900 ٹیسٹ سرکاری کٹس پر فری کیے۔ شوکت خانم اسپتال نے اپنے بجٹ سے 650 ٹیسٹ کیے جن کی لاگت 45 لاکھ ہے۔جتنی بھی حکومتی کٹس شوکت خانم کو ملیں ان پر فری ٹیسٹ کیے گئے۔ہم نے کسی سے کوئی پائی پیسہ نہیں لیا۔