لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے سیکٹر نیزا پیر کے مختلف گاؤں میں بھارتی فوج نےایک بارپھر بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے 3شہری شہیدکردیے،بھارتی فائرنگ سے8افرادزخمی بھی ہوئے۔
بھارتی فوج نے آزادکشمیر کے علاقے راولاکوٹ کی نیزا پیر سیکٹر پر گولہ باری اور بلااشتعال فائرنگ کی۔ ایس پی کہوٹہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فائرنگ سے دو بچوں سمیت تین افراد شہید جبکہ 7 زخمی ہوئے۔
‘شہید اور زخمی تمام افرادکاتعلق نیزا پیر سیکٹر کے مختلف گاؤں سےہےجہاں دوپہر ساڑھے 12 بجے شیلنگ کے سلسلے کا آغاز ہوا جو 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہا۔
پولیس افسر کے مطابق بھارتی فوج کا فائر کردہ گولہ گھر پر گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد شہید ہوئے جن کی شناخت54سالہ غلام محمد، 10 سالہ حیدر اور 11 سالہ مریم کے ناموں سے ہوئی جبکہ ان کی 50 سالہ اہلیہ رحمت جان اور 55 سالہ رشتہ دار محمد منظور زخمی ہوئے۔
شیلنگ کی وجہ سے اس ہی گاؤں میں 33 سالہ خاتون نصیب جان اور ان کے 4 سالہ بیٹے سرفراز بھی زخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ مندھار گاؤں میں 22 سالہ خاتون آمنہ اور 20 سالہ سفینہ بی بی زخمی ہوئے جبکہ کیرنی واسطی گاؤں میں دو بہنیں 21 سالہ نصیب جان اور 18 سالہ فری بی بی زخمی ہوئیں۔
تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن پربسنےوالوں کی قربانیاں غیرمعمولی ہیں، ہم تمام شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدرکی انتظامیہ کوالرٹ رہنےکی ہدایت جاری کردی۔
پولیس کے مطابق ‘اس سے ملحق ضلع پونچھ میں لڑکیوں کے اعلیٰ ثانوی تعلیمی اسکول کو بھارتی فوج نے چھوٹے اسلحے سے نشانہ بنایا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔