راولپنڈی : بھارتی فوج نے شہری آبادی کو فائرنگ کانشانہ بناتے ہوئے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی ہے، بھارتی فوجیوں کی بلااشتعال فائرنگ سے 3 پاکستانی شہری زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 3شہری پاکستانی شہری زخمی ہوگئے ہیں اور انہیں ابتدائی طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بھارتی فوج نے بیدوری سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جبکہ پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی بھارتی فوج نے بیدوری سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک حوالدار لیاقت شہید ہوگیا تھا۔ چکوال کے رہائشی حوالدار لیاقت کی عمر 39 سال تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے پاک فوج کی چوکیوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے جس کا موثر جواب دیا گیا ہے۔ پاک فوج کی انتقامی کارروائی میں بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
گذشتہ روز پاک فوج نے ایل او سی کے چکوٹھی سیکٹر میں بھارتی فوج کے ایک اور جاسوس ڈرون کو گولی مار کر گرایاتھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی ڈرون 500 میٹر تک پاکستان کی حدود میں داخل ہوگیا تھا۔
مزید پڑھیں:ریاستی دہشت گردی، بھارتی فوج نے 13 ماہ میں 237 کشمیریوں کو شہید کردیا