لندن:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں متاثرین کی بھرپور معاونت کا ہے، تمام سیاسی پارٹیوں اور اپنے کارکنوں کو کہتا ہوں اپنی تمام سرگرمیاں سیلاب متاثرین کے لیے وقف کریں۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کا سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلاشبہ حالیہ سیلاب بہت بڑی قدرتی آفت ہے، قدرتی آفت کا شکار لوگ اپنے بہن بھائیوں کی مدد کے منتظر ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، ملک میں سیلابی تباہی کے مناظر دیکھ کر انتہائی دکھ ہوتا ہے، ہزاروں افراد لقمہ اجل جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں متاثرین کی بھرپور معاونت کا ہے، زخموں پر مرہم رکھنے کا ہے، مخیر حضرات سمیت پوری قوم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کی مدد کیلئے متحد ہو، پوری قوم اپنی توانائیاں سیلاب متاثرین کیلئے وقف کرے۔
مریم نواز بھی جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی، متاثرین سے ملاقات کرینگی، نواز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد پر وزیراعظم شہبازشریف کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
مزید پڑھیں:پاک فضائیہ کا سیلاب سے متاثرہ سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں بحالی آپریشن جاری
نواز شریف نے کہا کہ قدرتی آفت کا شکار لوگ امداد کے منتظر ہیں، متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کو دکھی لوگوں کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔