اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کے 1 ہزار 656 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کا شکار ہو مزید 35 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 49 ہزار 858 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس میں مبتلا 27 ہزار 866 شہری جان کی بازی ہار گئے۔
کورونا کی تشخیص کیلئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار 779 ٹیسٹ کیے گئے جس سے مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 1 کروڑ 95 لاکھ 37 ہزار 730 ہوگئی۔ ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی شرح 3.26 فیصد رہی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ویکسینیشن کا عمل تیز کرنے کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا، کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں پر سخت پابندیوں کا اطلاق کردیا گیا۔
دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد گزشتہ روز سے فضائی سفر کرنے کیلئے نااہل قرار دے دئیے گئے، شادی بیاہ کی تقریبات میں بھی شریک نہیں ہوسکیں گے۔
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی اور سربراہ این سی او سی اسد عمر کے فیصلے کے تحت کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو شاپنگ مالز اور کاروباری مراکز میں خریدوفروخت کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز پر حملہ، وزیراعلیٰ پنجاب کی مذمت