اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف نیا میدان سجانے کیلئے تیار ہیں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا تیسرا جلسہ کل کوئٹہ میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ جلسے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں، کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم فٹ بال گراؤنڈ میں جلسہ ہوگا۔ اپوزیشن رہنماؤں کی سیکیورٹی کیلئے پولیس اور ایف سی کے 4000 سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔
مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن رہنماؤں کے استقبال کیلئے سیاسی جماعتوں کے رنگا رنگ جھنڈے اور بینرز کوئٹہ بھر میں آویزاں کردئیے گئے۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ شب قلات پہنچے تھے۔
مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ محمود خان اچکزئی، عبدالمالک بلوچ اور سردار اختر مینگل سمیت دیگر سیاسی رہنما موجود تھے جبکہ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز آج ہی اپنے 10 رکنی وفد کے ہمراہ کوئٹہ پہنچیں گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کل گلگت سے خصوصی پرواز کے ذریعے کوئٹہ پہنچیں گے اور اگر وہ کسی وجہ سے کوئٹہ نہ پہنچ سکے تو جلسے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔
سابق وزیرِ اعظم اور ن لیگ کے تاحیات قائد نواز شریف بھی ویڈیو لنک کے ذریعے لندن سے شرکائے جلسہ سے خطاب کریں گے۔ قبل ازیں پی ڈی کا پہلا جلسہ گجرانوالہ جبکہ دوسرا کراچی میں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: کیپٹن کی گرفتاری، کراچی واقعے سے حکومت بدنام ہوئی۔ مریم نواز