بالی ووڈ فلم صنم تیری قسم کیلئے آڈیشن میں 215 اداکارائیں مسترد کردی گئیں، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آڈیشن کے دوران ماورا حسین نے سب سے اچھے انداز میں رو کر فلمسازوں کو متاثر کردیا اور رول اسی اداکارہ کے نام ہوا۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں بھارتی میڈیا (پنک وِلا) نے رپورٹ کیا ہے کہ صنم تیری قسم میں پاکستان کی مشہورومعروف اداکارہ ماورا حسین کا انتخاب کرنے سے قبل 215 لڑکیوں نے آڈیشن دیا اور سب کی سب مسترد کردی گئیں، کیونکہ کوئی بھی لڑکی اس انداز میں رو نہیں پارہی تھی جو انداز فلمسازوں کو درکار تھا۔
پیغام میں کہا گیا کہ آپ نے بالکل ٹھیک پڑھا ہے کہ ماورا حسین کے انتخاب سے قبل فلمساز ایک ایسی لڑکی کو تلاش کر رہے تھے جو ایک خاص سین کیلئے روئے تو سہی لیکن باوقار بھی لگتی ہو، کوئی اور اداکارہ یہ نہیں کرسکی لیکن ماورا حسین نے وہ کردکھایا جو فلمساز چاہتے تھے۔ جذباتی سین میں دیگر اداکارائیں فلمسازوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہیں۔
اداکارہ ماورا حسین کے مداحوں سمیت پاکستانی سوشل میڈیا صارفین حیران ہیں کہ 215 لڑکیاں ماورا حسین کی طرح باوقار انداز میں کیوں نہ رو پائیں؟ تو حقیقت یہ ہے کہ جذباتی مناظر میں حقیقت کا رنگ بھرنے کیلئے تمام ہی فنکاروں کو اپنے آپ کو اس میں مکمل طور پر ڈبو دینا ضروری ہوتا ہے جبکہ فطری طور پر انسان روتا اس وقت ہے جب وہ ٹوٹ چکا ہو۔
کوئی بھی انسان جب تک حالات سے مایوس نہ ہوجائے یا اس کی امیدیں ٹوٹنے نہ لگ جائیں، وہ رونا گوارا نہیں کرتا، ایسے میں فلمسازوں کا کسی فنکار کو وقار کے ساتھ رونے کا کہنا ہی غیر فطری محسوس ہوتا ہے، پھر بھی ماورا حسین نے یہ کر دکھایا تو اس پر بھارتی میڈیا پاکستانی اداکارہ کی تعریف کرتا نظر آتا ہے کہ 215لڑکیاں وہ نہ کرپائیں جو ماورا کرگئی۔