کراچی کے جناح بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جمعہ کے روز مختلف تکنیکی اور عملی وجوہات کی بنا پر 11 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ 4 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق یہ پروازیں مختلف قومی اور نجی ایئر لائنز کی تھیں جو اندرون اور بیرون ملک روانہ یا کراچی پہنچنے والی تھیں۔
منسوخ کی گئی پروازوں میں سیرین ایئر، ایئر سیال، ایئر بلیو، فلائی جناح اور پی آئی اے کی متعدد پروازیں شامل تھیں۔
ان میں جدہ، اسلام آباد، لاہور اور کوئٹہ جانے والی اور وہاں سے کراچی آنے والی پروازیں شامل ہیں۔
سیرین ایئر کی پرواز ای آر 811 جو جدہ کے لیے روانہ ہونی تھی، منسوخ کر دی گئی، اسی طرح 504 ای آر جو اسلام آباد سے کراچی آ رہی تھی وہ بھی منسوخ کر دی گئی۔
مزید برآں لاہور جانے والی ای آر 522 اور ایئر سیال کی دو پروازیں پی ایف 145 (لاہور) اور پی ایف 125 (اسلام آباد) بھی متاثر ہوئیں۔
ایئر بلیو کی پی اے 208 (اسلام آباد)، فلائی جناح کی 9پی 851 (کوئٹہ) اور 840 (لاہور) کے لیے مقررہ پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
لاہور جانے والی ایئر بلیو کی پی اے 402 اور پی آئی اے کی پی کے 404 اور پی کے 302 پروازیں بھی منسوخی کی فہرست میں شامل تھیں۔
دوسری جانب چار پروازیں تکنیکی وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئیں تاہم ایئر لائنز نے مسافروں کو متبادل سفری انتظامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ ترین معلومات کے لیے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔