راولپنڈی:راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کی نااہلی کے باعث شہر میں جگہ جگہ گندگی غلاظت کے ڈھیر لگ گئے، جبکہ راجہ بازار سے ملحقہ علاقے موہنپورہ اور اس کے گرد و نواح کے تمام علاقے کوڑے دان کا منظر پیش کرنے لگے۔
گھروں کے باہر کئی دن سے پڑا کچرا انتظامیہ کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے،گندگی اور بند نالیاں راولپنڈی کو مثالی شہر بنانے کے دعوے کرنے والوں کے دعوؤں کی نفی کر رہی ہیں۔
رات گئے گلیوں میں آوارہ کتے کچرے کو مزید پھیلا دیتے ہیں،گلیوں میں گلتا سڑتا یہ کچرا پورے علاقے میں موذی بیماریاں پھیلانے کا سبب بن سکتا ہے جبکہ راولپنڈی میں میونسپل کارپوریشن کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔
عوام نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شہر کے والی وارث شہر کی صفائی کی طرف بھی توجہ دیں کیونکہ ملک میں اس وقت کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے،جبکہ یہ گندگی وائرس کو پنپنے میں مدد فراہم کررہی ہے۔