تھائی لینڈ کے علاقے چیانگ مائی میں ایک ایسا ہوٹل موجود ہے جہاں صبح نہ تو ویٹر آئے گا اور نہ ہی الارم بجے گا بلکہ مہمانوں کو ہاتھیوں کی مدد سے جگایا جاتا ہے۔
گزشتہ دنوں سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک خاتون اپنے ہوٹل کے کمرے میں سو رہی ہوتی ہے کہ قریبی کھڑکی سے ہاتھی اپنی سونڈ ڈال کر انہیں جگاتا ہے۔
جگائے جانے پر خاتون چونک کر اُٹھ جاتی ہیں اور کھڑکی سے باہر جھانکنے پر انکشاف ہوتا ہے کہ انہیں ہاتھی نے جگایا ہے۔
سوشل میڈیا صارف ساکشیجین نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس ریزورٹ میں ریسپشن کال یا آپ کے الارم کے بجائے ہاتھی آپ کو جگاتے ہیں۔
انہوں نے لکھا ہے کہ اتنا ہی نہیں بلکہ یہ آپ کے ساتھ چہل قدمی کرتے ہیں، آپ کو پول میں نہلاتے ہیں اور پھر آپ کے ساتھ ناشتہ بھی کرتے ہیں، آپ ان کے ساتھ کھیل بھی سکتے ہیں۔
ساکشیجین نے کہا کہ یہ ایک منفرد تجربہ ہے جو دنیا کے کسی اور کونے میں نہیں ملتا۔
سوشل میڈیا صارفین ویڈیو دیکھنے کے بعد کمنٹس میں اپنے جذبات کا اظہار کرنے سے خود کو نا روک سکے۔ ایک صارف نے لکھا ہے کہ یہ ایک بہت خوبصرت تجربہ ہے، ان خوبصورت یادوں سے بڑھ کر اور کیا اہم ہوسکتا ہے۔
ایک اور صارف کا کہنا ہے کہ یہ بہت دلچسپ ہے، لیکن اگر اس خاتون کی جگہ میں ہوتا تو بغیر کچھ سوچے سمجھے چیختا ہوا کمرے سے باہر بھاگ جاتا۔
واضح رہے وائرل ہونے والی اس مختصر دورانیے کی ویڈیو پر 53 ملین سے زائد ویوز آچکے ہیں جبکہ 2 لاکھ سے زائد بار اسے پسند بھی کیا جا چکا ہے۔