اسلام آباد:پاک سرزمین پارٹی میں ہر زبان، رنگ و نسل کے لوگ موجود ہیں، 8نومبر کے جلسے میں بتائیں گے کہ کراچی کس کا ہے؟ ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی اسلام آباد کے جوائنٹ سیکرٹری چوہدری عامر ساہی نے ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
عامر ساہی نے کہا کہ ہماری پارٹی 3 مارچ 2016 کو وجود میں آئی،ابھی چار سال مکمل ہوئے ہیں،ہمارے دس ہزار سے زائد کارکنان رجسٹرڈ ہیں، کراچی سے کشمور تک ضلعی آفس اور زونل آفس موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورے بلوچستان میں تنظیمی سیٹ اپ اور مرکزی آفس موجود ہیں،پورے پنجاب میں رحیم یار خان سے لے کر اٹک تک تمام بڑے شہروں میں مرکزی دفتراور تنظیمی سیٹ اپ موجود ہیں،اس کے علاوہ کشمیر کے پی کے گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بھی تنظیمی ڈھانچے موجود ہیں کیونکہ یہ اب کراچی کی نہیں پورے پاکستان کی پارٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اگر کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں تو پاک سرزمین کلین سویپ کرے گی، باغ جناح میں گزشتہ دنوں پی ڈی ایم یعنی گیارہ پارٹیوں نے اپنی پاور کا مظاہرہ کیا تھا،وہاں پر پاک سرزمین پارٹی اکیلے اپناپاور شو کرے گی اور کراچی کے عوام بتائیں گے کہ وہ پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ ہیں اور سید مصطفی کمال کے چاہنے والے ہیں۔
سید مصطفی کمال نے اپنی میئر شپ کے دوران کراچی میں ڈلیور کیا،سید مصطفی کمال پڑھے لکھے سلجھے ہوئے لیڈر ہیں، ان کی سربراہی میں پارٹی کو چار چاند لگ گئے ہیں، پارٹی میں تمام لوگ متحد ہیں،انیس قائم خانی بھی پاک سرزمین پارٹی کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں یہ دونوں احباب محب وطن ہیں۔
ہم انشاء اللہ گلگت بلتستان الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کریں گے میں کراچی والوں سے کہتا ہوں کہ اب یہ پارٹی پورے پاکستان کی پارٹی ہے،پاکستان اب جاگ چکا ہے اور کراچی کے مسائل کا واحد حل صرف اور صرف پاک سرزمین پارٹی کی کامیابی پر منحصر ہے۔