واشنگٹن: عالمی بینک کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے 20 کروڑ ڈالرز کی مالی اعانت کی منظوری دے دی۔
اعلامیہ کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے ملنے والی 20 کروڑ ڈالرز کی رقم خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں پر خرچ ہوگی، 2022ء میں صوبہ میں سیلاب سے ہوئی تباہی کے ازالے کیلئے فنڈز دیے گئے ہیں۔
سری نگر ہائی وے، وزیر اعظم نے سیونتھ ایونیو اوور ہیڈ برج کا افتتاح کردیا
ضم شدہ اضلاع میں پانی کی فراہمی، دیہی سڑکوں اور زراعت کے منصوبوں پر فنڈز خرچ کیے جائیں گے، مزید برآں موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کی استعداد بہتر کرنے کیلئے رقم خرچ کی جائے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس آج ہوگا۔
ایجنڈے کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیبنٹ ڈویژن کی سمری پر 40 کروڑ 47 لاکھ کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی جائے گی جبکہ وزارت ہاؤسنگ کیلئے 50 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری کا بھی امکان ہے۔
اجلاس میں سپریم کورٹ کی بلڈنگ اور ججز کی رہائش گاہوں کے مرمتی کام کیلئے فنڈز منظور کئے جائیں گے جبکہ سولر پینل اور الائیڈ ایکویپمنٹ مینوفیکچرنگ پالیسی 2023 کی بھی منظوری متوقع ہے۔