کراچی:گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ فلاح انسانیت کے لیے کیے جانے والے کاموں میں پاکستان ایک منفرد اہمیت رکھتا ہے۔ اسی ضمن میں جے ڈی سی فاونڈیشن کے کاموں کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال کے سامنے عوام الناس کے لیے اتنے اعلی معیار کا موبائل ریسٹورنٹ قائم کرنا بہت بڑی بات ہے ان دستر خوانوں سے روزانہ ہزاروں لوگ کھانا کھاتے ہیں۔
یہ باتیں انہوں نے تحریک انصاف کے رہنمافردوس شمیم نقوی کے ہمراہ جناح اسپتال کے سامنے موجود جے ڈی سی فری موبائل ریسٹورنٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔
موبائل ریسٹورنٹ کے دورے کے دوران گورنر سندھ نے افطار کی تیاری کے لیے کڑاہی میں سموسے بھی ڈالے، صفائی ستھرائی کے بہترین اقدامات کی تعریف کرنے کے ساتھ ایک نئے موبائل ریسٹورنٹ کا افتتاح بھی کیا۔
اس موقع پر جنرل سیکرٹری جے ڈی سی فاونڈیشن ظفر عباس نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو شیلڈ بھی پیش کی۔
گورنر سندھ نے جے ڈی سی کے کاموں کو مزید سراہتے ہوئے کہا کہ خدمت انسانیت کے ہر کام کے لیے وفاق اور صوبہ فلاحی تنظیم جے ڈی سی کے ساتھ شانہ با شانہ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ظفر عباس کے قیادت میں کام کرنے والے ادارے جے ڈی سی کو آنے والے وقت میں جب بھی کوئی ضرورت ہوئی وفاقی حکومت ضرور ساتھ دے گی۔ انہوں نے جے ڈی سی کی کاوشوں کو سراہا۔