کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان نے این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے اگر دو نمبر سے طریقے سے الیکشن کرانے ہیں تو سیاسی جماعتوں کو انتخابات لڑنے کی ضرورت ہی نہیں ہے۔
این اے 249 کے نتائج پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سارا بلدیہ حیران ہے اور سوال کررہا ہے کہ پیپلزپارٹی ضمنی انتخاب میں کیسے کامیاب ہوگئی ہے؟
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پی پی کی جیت ایسے ہے جیسے بلدیہ میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہوں۔ 3 دن پہلے ہونےوالے سروے میں بھی پیپلزپارٹی کہیں دکھائی نہیں دے رہی تھی۔ کسی سروے کمپنی نے بھی پیپلزپارٹی کو پانچواں نمبر سے اوپر نہیں دیاتھا۔
الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نااہل ہے جو شفاف الیکشن کرانےمیں ناکام رہاہے۔ ان کا کہنا تھا ہم جانتے تھے کہ رمضان میں اتنے لوگ ووٹ ڈالنے کے لیے نہیں نکلیں گے اس لیے رمضان میں ضمنی انتخاب کرانے کی مخالفت کر رہے تھے۔
وبائی مرض کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو الیکشن کمیشن سے جوڑتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز بڑھ رہے جس کی وجہ سے لوگ باہر نہیں نکلے، الیکشن کمیشن اس وبائی مرض کے پھیلانے کاذمہ دار ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ انتیس اپریل کی صبح سب سےزیادہ رش پی ٹی آئی کیمپس میں تھا، ہمارےکیمپس میں تقریباً ساڑھے17ہزار لوگ آئےاور ووٹ کی پرچیاں لیں، جب نتیجہ آیا تو ساڑھے17ہزار تو دور اس کا آدھا فیگربھی سامنےنہیں آیا، یہ الیکشن پورا پری پلان تھا، فیصلہ کیا گیاا لیکشن کون اورکس نےجیتناہے؟۔
خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کو ہم چیلنج کرینگےاسکےخلاف عدالت جائیں گے،یہ الیکشن ہمیں کسی بھی طورپر قابل قبول نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی نے لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم کا ریکارڈ برابر کردیا