کراچی:کراچی کو پانی فراہم کرنے والی نہر اور کنڈیوٹ سے ناجائز پائپ لائنیں بچھا کر پانی چوری کرنے کے خلاف ادارہ فراہمی و نکاسی آب (واٹر بورڈ) کی کامیاب کارروائی، متعدد لائنیں اکھاڑ دی گئیں۔
واٹر بور ڈکی جانب سے ٹینکر مافیا اورپانی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہے۔ واٹربورڈ کے بلک واٹرڈویژن نے کینجر جھیل سے گھگھر پھاٹک تک پانی چوروں کیخلاف آپریشن کرکے متعدد غیرقانونی کنکشن منطقع کردیئے ہیں۔
ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے کامیاب کارروائی پر ڈسکنکشن ٹیموں کو مبارکباد دی ہے،چیف انجینئر بلک ظفرپلیجو کی نگرانی میں واٹربورڈکے ڈسکنکشن اسکوارڈ نے کینجرجھیل سے متصل چلیہ زیروپوائنٹ سے گجو ریگولیٹر تک پانی چوروں کیخلاف گرینڈآپریشن کیااور مختلف قطر کے 8کنکشن منقطع کردیئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ ان کنکشنز سے مچھلیوں کی فزائش کے کیلئے قائم فارمز کو پانی فراہم کیا جارہا تھا،جبکہ بلک واٹرڈویژن کی دوسری ٹیم نے ہالیجی سے گھگھرپھاٹک تک ہالیجی کنڈیوٹ سے لئے گئے غیرقانونی کنکشنز کیخلاف کارروائی کی اور 16انچ قطرکا ایک جبکہ2,2 قطر کے 4کنکشن منقطع کردیئے ہیں۔
علاوہ ازیں بلدیہ ٹاؤن نادرن بائی پاس ماہی گیری تھانہ کی حدود میں 48انچ قطر کی پانی کی لائن سے لیا گیا غیرقانونی کنکشن بھی مطقع کردیا گیا،واٹربورڈ پانی چوروں کیخلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرارہا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں شہر بھر میں پانی کا بحران جاری ہے اور علاقائی پمپنگ اسٹیشنز کی یہ شکایت ہے کہ انہیں بلک سپلائی سے پانی کم فراہم ہو رہا ہے جس کے باعث پانی کی کمی ہے۔