آنیوالا الیکشن ریاست کی عوام کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

آنیوالا الیکشن ریاست کی عوام کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،وزیر اعظم آزادکشمیر
آنیوالا الیکشن ریاست کی عوام کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،وزیر اعظم آزادکشمیر

مظفر آباد:وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آنے والا الیکشن ریاست کی عوام کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہو گااور ان کے مستقبل کا تعین کرے گا۔

برادری ازم اور علاقائی سیاست کو ختم کرکے اپنے نمائندے منتخب کریں۔ 13ویں آئینی ترمیم کے ذریعے ریاست کو باوقار اور بااختیار بنانا ایک خواب تھا جو پورا کر دیا۔آئین ساز ی ایک ارتقائی عمل کا نام ہے اس میں بہتری کی گنجائش رہتی ہے۔ مگر لیے گئے اختیارات واپس نہیں دیئے جا سکتے۔

ریاست کے عوام کے حقوق اور انصاف کی فراہمی کے لیے وکلاء کو آگے بڑھ کر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔ عدلیہ اور انتظامیہ،مقننہ مل کر ہی ایک انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے اپنا بہتر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

تمام اداروں کی آئینی حدود متعین ہیں۔ 05اگست 2019کے ہندوستان کے اقدامات کے بعد بھارت ریاست جموں وکشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان ٹھوس اور واضح پالیسی اپنائے۔

سنٹرل بار ایسوی ایشن کے لیے 10لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حلف برداری کی تقریب سے صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن ناصر محمود مغل ایڈووکیٹ، سابق صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن راجہ آفتا ب احمد ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل سنٹرل بار ایسو سی ایشن احمد نواز تنولی ایڈووکیٹ، جابرکاظمی ایڈووکیٹ، سابق سیکرٹری جنرل سید انیس گیلانی ایڈووکیٹ، و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان صرف 22کروڑ عوام کی امیدوں کا ضامن نہیں بلکہ پڑوسی ممالک بنگلہ دیشن، سری لنکا، نیپال کی امیدوں کا بھی ضامن ہے۔ کشمیریوں کا پاکستان سے لازوال رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت ایک واضح پالیسی اپنانا ہوگی۔ کشمیریوں کی قربانیوں کی لازوال داستان ہے۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ میں عدلیہ کا دل سے احترام کرتا ہوں۔ عدلیہ کے وقار اور وکلاء کے حقوق کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الزامات کی سیاست نہیں کرنا چاہتا، مجھ پر کوئی کرپشن کے ایک پیسہ بھی ثابت کر دے تو میری گردن حاضر ہے۔ گندی سیاست کا قائل نہیں۔

آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کو قومی معاملات میں ساتھ لے کر چلنا چاہتا ہوں۔ آنے والے الیکشن میں اپنے مرضی کے نمائندے منتخب کریں مگر یہ بات یاد رکھیں کہ وہ نمائندے منتخب کریں جو آپ کے وقار اور تشخص کی حفاظت کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے صدر، وزیراعظم او وزراء کرام تنخواہ اکھٹی کی جائے تو ایک جج کے برابر بھی مراعات نہیں بنتی ہیں،مکانیت ہو یا مالی وسائل کا مسئلہ حکومت تمام وسائل مہیا کرے گی۔

Related Posts