کابل: افغان طالبان نے کہا ہے کہ ایسا اسلامی نظام چاہتے ہیں، جس میں مذہبی اصولوں اور ثقافتی روایات کے تحت خواتین کے حقوق کی ضمانت بھی دی گئی ہو۔
یہ بیان طالبان کی جانب سے اس وقت سامنے آیا ہے جب افغانستان سے غیرملکی افواج کا انخلاء جاری ہے۔ افغان طالبان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امن مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اور ملک میں ایسے حقیقی اسلامی نظام کا نفاذ چاہتے ہیں جس میں خواتین کو مذہبی اصولوں اور ثقافتی روایات کے تحت تمام حقوق حاصل ہوں۔ اسلام نظام ہی حقیقت میں وہ نظام جو ملک میں امن اور خوشحالی کا ضامن ہوگا۔
یاد رہے کہ افغانستان میں کئی صوبوں کے اضلاع کے کنٹرول کے لیے طالبان اور کابل حکومت کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر جاری لڑائیوں میں رواں ماہ میں اب تک 500 سے زیادہ افراد مارے جاچکے ہیں جن میں سے اکثریت افغان سکیورٹی فورسز کی ہے۔
فریقین کی جانب سے مختلف اضلاع میں اپنی حکومت قائم کرنے کے متضاد دعوے سامنے آرہے ہیں تاہم آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان تیزی سے ملک کے کئی حصوں میں اپنا کنٹرول قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔