کابل:سابق افغان حکومت کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے طالبان کو اکیلے حکومت سازی سے متعلق خبردار کردیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیارپورٹس کے مطابق عبداللہ عبداللہ نے طالبان کو خبردار کیا کہ آپ اکیلے حکومت نہیں چلاسکتے، جب تک آپ سب کو نمائندگی نہیں دیں گے۔تاہم طالبان نے بھی یقین دھانی کرائی ہے کہ ملک میں تمام اقوام کو شامل کریں گے۔
ہم افغانستان میں کام جاری رکھیں گے، یو این سیکریٹری جنرل
اقوام متحدہ (یو این)کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ہم افغانستان میں کام جاری رکھیں گے۔ ہم افغانستان میں عملے کے تحفظ اور افغان عوام کی مدد کیلئے جو ممکن ہوا کریں گے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ دہائیوں سے افغان عوام کیلئے ان کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
میڈیا کو کام کرنے کی مکمل اجازت ہے،ذبیح اللہ مجاہد
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہدنے کہا ہے کہ میڈیا کو افغانستان میں کام کرنے کی مکمل اجازت ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں موجود غیر ملکی صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے یہ بات کہی۔
ذبیح اللہ مجاہد کے ساتھ عبدالقہار بلخی، سردار شکیب اور مولوی سعدالدین بھی موجود تھے،جن کے ہمراہ انہوں نے صحافیوں کے مسائل بھی سنے۔اس موقع پر افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ جب حکومت بن جائے گی تو صحافیوں کو نقل و حرکت کی سہولت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صورتِ حال ابھی واضح نہیں ہے، آپ لوگ محتاط ہو کر فلم بندی کریں۔ترجمان طالبان نے مزید بتایا کہ صحافیوں کی سہولت کے لیے 3 رکنی ٹیم بھی تشکیل دے رہے ہیں۔
ذبیح اللہ مجاہد کا یہ بھی کہنا تھا کہ صحافی دنیا کو افغانستان کی اصل تصویر دکھائیں، 10 دن پہلے کی سیکیورٹی کی صورتِ حال کا آج سے موازنہ بھی کریں۔
مزید پڑھیں: افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان بھی ثالث بننے کو تیار ہے، روس