برونائی کے سلطان حاجی حسن البلقیہ نے جدہ کے سرکاری دورے کے دوران سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
سعودی پریس ایجنسی نے ہفتے کے روز خبر دی کہ دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں کے ساتھ ساتھ مشترکہ تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی ولی عہد نے برونائی کے رہنما کا استقبال کیا اور جدہ کے السلام پیلس میں ملاقات سے قبل ایک سرکاری استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
برونائی کے سلطان ان دنوں سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ جہاں انہوں نے بدھ کو مسجد نبوی اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران وزیر مملکت شہزادہ ترکی بن محمد، وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل، قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر موسیٰ العیبان، وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر اقتصادیات اور منصوبہ بندی فیصل علی ابراہیم اور برونائی دارالسلام میں سعودی سفیر عماد المہنہ سمیت دیگر حکام موجود تھے۔
سعودی ولی عہد اور برونائی کے سلطان کی آخری ملاقات نومبر 2022 میں بنکاک میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن سمٹ کے موقع پر ہوئی تھی۔