فیصل آباد: ایئرپورٹ پر تعینات سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے ایمانداری اور فرض شناسی کی مثال قائم کردی۔
ذرائع کے مطابق سی اے اے کے فیصل ایئر پورٹ پر عملے نے 20 لاکھ روپے مالیت کی قیمتی اشیا اور غیر ملکی کرنسی خاتون مسافر کو لوٹادیں، خاتون مسافر علینہ زین دبئی سے فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 343 سے فیصل آباد ایرپورٹ پہنچیں۔
سی اے اے کے مطابق خاتون مسافر جلد بازی میں قیمتی بیگ بھول کر روانہ ہوئیں،خاتون مسافر کا بیگ سی اے اے عملے نے دیکھا تو چیک کرنے پر 4 ہزار 600 امریکی ڈالر، 2 ہزار 600 اماراتی درہم، ایک آئی فون 13 اور لیپ ٹاپ بیگ میں تھا۔
خاتون مسافر ٹیکسی میں بیگ بھول کر گھر روانہ ہوگئیں تھیں جو ان کے خاوند نے بک کی تھی۔
سی اے اے منیجر فیصل آباد ایئرپورٹ انور ضیا اور سی اے اے کی آئی ٹی ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج بالخصوص سی اے اے کار پارکنگ سسٹم فوٹیج اور ایف آئی اے، نادر اور ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن کے اداروں کے تعاون سے ٹیکسی ڈرائیور کا کھوج لگایا اور تمام اشیاء بحفاظت برآمد کر لیں۔
بعدازاں مسافر علینہ زین کو فیصل آباد اایئرپورٹ پر ان کی قیمتی اشیا غیر ملکی کرنسی اور دیگر اشیا ئحوالے کردی گئیں۔
سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ خاتون مسافر کے بیگ سے ملنے والی غیر ملکی کرنسی لیپ ٹاپ اور آئی فون اشیا کی مجموعی مالیت 20 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
خاتون مسافر نے ایمانداری اور فرض شناسی کے مثال قائم کرنے پر سی اے اے فیصل آباد ایرپورٹ ٹیم کی خدمات کو بے حد سراہا، خاتون مسافر نے ٹیکسی ڈرائیور کیخلاف قانونی چارہ جوئی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔