دھیر کوٹ: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے تحریک انصاف کے سربراہ اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ کا جلسہ فلاپ تھا جس پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے، عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کے چرچے ہیں۔ آزاد کشمیر نے ہمارا ساتھ دے کر تاریخ رقم کی۔ 25 جولائی کو (ن) لیگ کی جیت ہوگی۔
مریم نواز نے آزاد کشمیر کے علاقے دھیر کوٹ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ نواز شریف کی قربانی ضائع نہیں گئی، جہاں جاتی ہوں صرف ایک آوازآتی ہے اور وہ ہے نواز شریف۔جیت نواز شریف کی ہی ہوگی۔
اُنہوں نے کہا کہ پانچ سال سے سن رہے ہیں کہ نواز شریف کو مائنس کر دیں گے، ایسی باتیں کرنے والے آزاد کشمیر آ کر دیکھیں۔ عوام نے انھیں مسترد کر دیا ہے۔آزاد کشمیر میں ہر طرف نواز شریف کی آواز بلند ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل آزاد کشمیر میں سرکاری خرچ پر ووٹ مانگنے آئے تھے۔ انہوں نے باغ آزاد کشمیر میں پیسے بنانے والی نئی مشین ڈھونڈ لی ہے۔ انہوں نے سوچا تھا کہ نئی اے ٹی ایم لوگوں کو پیسہ دے کر اکٹھا کرے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ کل ایک سلیکٹڈ باغ آزاد کشمیر میں جلسہ کرنے آیا تھا۔ اگر یہ کل کا جلسہ نہ کرتا تو شاید اس کا بھرم رہ جاتا۔ سلیکٹڈ کا جلسہ فلاپ تھا جس پر کروڑوں روپے خرچ کئے گئے۔ اس کے باوجود انہیں کچھ حاصل نہیں ہوا۔
مزید پڑھیں: نواز شریف اور ان کا خاندان آزاد عدلیہ کا سامنا کرے، وزیر اعظم عمران خان