اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق فخر امام نے کہا ہے کہ گندم کے بحران کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گندم کی پیدوار میں دنیا میں پاکستان کانمبر 8واں ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں سال پبلک سیکٹر میں 6.6 ملین ٹن گندم کی خریداری کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال گندم کی پیداوار 40 لاکھ ٹن کی تھی،پچھلے سال 5 سے 6 لاکھ ٹن گندم کا بیک اپ میں تھا، پچھلے سال کی نسبت اس سال ہم نے 26 لاکھ ٹن زیادہ گندم خریدی۔
فخر امام نے کہا کہ سندھ کے پاس پچھلے سال کی نسبت زیادہ گندم کا ذخیرہ ہے، سندھ حکومت کو ہم نے 2 خطوط لکھے تھے کہ فوری گندم ریلیز کرے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گندم کے بحران کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
گندم کے کوٹے کے ریلیز کیلئے سندھ حکومت کو 2 مراسلے بھجوا چکے،سندھ حکومت سے ایک بار پھر درخواست ہے کہ گندم کا کوٹہ جاری کرے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب نے اپنے کوٹے سے زائد گندم کا اجرا کر دیا ہے،گندم کی قیمتوں کے تعین کی ذمہ داری صوبوں کی ہے۔