اسلام آباد:وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے عوام کے لیے تحفہ ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے خاص حکم پر حکومت نے ماہِ جون کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کر دی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں عالمی منڈی میں پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے اثرات اس حد تک عوام تک نہیں پہنچائے گئے۔ مشکل معاشی حالات میں بھی عوام کو ریلیف وزیراعظم عمران خان کا طرہ امتیاز ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے فلاحی اقدامات ان کے غریب عوام سے تعلق کا واضح اظہار ہیں۔ ملک میں کرونا خاتمے کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان کی کوششوں کی پوری دنیا معترف ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ اپوزیشن اپنے دائمی حسد میں وزیراعظم کی جانب سے پٹرولیم اور کورونا ریلیف کا اعتراف کرنے کو تیار نہیں۔ اپوزیشن انسدادِ کرونا کی بجائے صبح شام رونا کی پالیسی پر گامزن ہے۔
اپوزیشن کورونا کے خلاف زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات میں قدم بڑھائے۔وزیر اعظم عمران خان کے غریبوں کے لئے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں۔