راولپنڈی:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اداروں سے کسی صورت محاذ آرائی نہیں چاہتے لیکن اگر لڑائی ہوئی تو اس جنگ میں عمران خان کے ساتھ ہوں گے، لانگ مارچ کا مقصد ملک میں مارشل لاء کا نفاذ نہیں بلکہ اس کا مقصد جلد انتخابات کا اعلان ہے۔
شیخ رشید نے غیر ملکی نیوز ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فوج جمہوری حکومت کے ساتھ ہوتی ہے لیکن کچھ نہ کچھ ایسا ہوا کہ اتحادی جماعتیں ساتھ چھوڑ کر حزبِ اختلاف کے ساتھ جا ملی تھیں،سابق حکومت کی اداروں کے ساتھ بعض غلط فہمیاں پیدا ہو گئی تھیں جو کہ نہیں ہونی چاہئیں تھیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ قبل از وقت عام انتخابات کے انعقاد کے لیے عمران خان حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، لیکن اس کے لیے ضروری ہوگا کہ مقتدر قوتیں ضامن بنیں، لڑائی کے حق میں نہیں اور اب بھی چاہتے ہیں کہ ان کی صلح ہوجائے، رواں ہفتے اس کا آغاز کیا ہے تاہم اس پر تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کے اعلان پر اسلام آباد میں ایک بڑا اجتماع ہوگیا تو پھر ان کی سیاست چھا جائے گی، عام انتخابات کی تاریخ لیے بغیر لانگ مارچ کے شرکا اسلام آباد سے واپس نہیں جائیں گے۔
مزید پڑھیں:امریکی تجزیہ کار کے ریمارکس،غیر ملکی سازش کے شکوک و شبہات دور ہوگئے،عمران خان