وزیراعظم شہباز شریف کل (منگل) سے چین کا دو روزہ دورہ کریں گے۔
وزیر اعظم یہ دورہ چینی ہم منصب لی کی کیانگ کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ اس دورے میں وزیر اعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہو گا۔
شہباز شریف وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ چین پر جائیں گے۔ وہ اس سے قبل 16 ستمبر کو ازبکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کر چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف چین کے دورے کے دوران صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی کیانگ سے وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دورے سے قبل چینی میڈیا سے بات کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے چین کے آئندہ دورے سے پاک چین تذویراتی تعلقات مزید گہرے ہونگے اور دو طرفہ تجارتی اور کاروباری تعلقات میں اضافہ ہوگا۔
چائنہ گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئےانہوں نے کہا کہ وہ متعدد شعبوں میں دونوں ملکوں کا تعاون بڑھانے کے لئے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی کیانگ سمیت چین کی قیادت کے ساتھ بات چیت کے منتظر ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وہ ‘ون بیلٹ ون روڈ’ کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے کردار کو وسیع کرنے کے لئے بھی چین کی قیادت سے تبادلہ خیال کریں گے۔