کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے ناردرن بائی پاس ٹول پلازہ پر تعینات پولیس اہلکار نے تیز رفتار مسافر بس پر فائرنگ کردی جس سے بس کا ٹائر برسٹ ہوگیا، جبکہ مسافروں سے بھری بس خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔
اتوار کو سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کے علاقے ناردرن بائی پاس ٹول پلازہ پر تعینات پولیس اہلکارنے تیز رفتار مسافر بس رجسٹریشن نمبر بی ایس اے 640 پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس اہلکارکی جانب سے مسافر بس پر فائرنگ کے خلاف مسافر بسوں کے ڈرائیوروں نے بسیں ناردرن بائی پاس پر کھڑی کردیں اور احتجاجی دھرنا دے دیا، احتجاج کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک جام ہو گیا جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایس ایچ اوسائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا شہزاد الیاس نے بتایا کہ فائرنگ ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار کاشف علی جو ایس فور پراجیکٹ پر ٹول پلازہ کے اطراف ڈیوٹی پر مامور تھا کی جانب سے کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق اہلکار کاشف علی نے کوئٹہ سے کراچی آنے والی مسافر بس کو مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا تاہم بس ڈرائیور مشتاق نے بس نہیں روکی اور تیزی سے آگے نکلنے کی کوشش کی جس سے پولیس کانسٹیبل نے انتہائی بے وقوفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرکاری اسلحے سے بس پر فائر کر دیا۔
پولیس نے اہلکار کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا اور مسافر بس ڈرائیوروں سے مذاکرات کیے۔ مسافر بسوں کے ڈرائیوروں نے بعد ازاں اپنا احتجاج ختم کردیا جس کے بعد ناردرن بائی پاس پر ٹریفک بحال کردی گئی۔