پشاور:وفاقی وزیر برائے مذہبی امورپیرنورالحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کا وزیر اعظم عمران خان پر پورا اعتماد ہے،خان آخری بال تک مقابلہ کرینگے،اپوزیشن کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا اگر حالات الیکشن کے جانب جاتے ہیں تو اپوزیشن پارٹیاں دیکھ لے گی کہ کس طرح عوام انکو مسترد کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پشاورکے حیات آباد حاجی کیمپ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر پیرنورالحق قادری، ایڈوائزر حاجی امیر محمد خان آفریدی سمیت ترکی سے آئے ہوئے ترکی دیانت فاونڈیشن کے عہدیداران محمد ابراہیم اورمصطفی نے شرکت کی۔
تقریب میں ترکی دیانت فاونڈیشن کے جانب سے 3 ہزار فوڈ پیکیجیز وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیرنورالحق قادری کے حوالے کی گئی جو کہ ضلع خیبر میں مختلف علاقوں کے غرباء میں تقسیم کی جائیگی۔
تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیرنورالحق قادری نے کہا کہ حکومت اور عوام کے جانب سے ترک حکومت اور خاص کر ترکی دیانت فاونڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے ہر قسم کے حالات میں پاکستان اور پاکستانی عوام کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج ترکی دیانت فاونڈیشن کے جانب سے 3 ہزار فوڈ پیکیچیز ہمارے حوالے کی گئی ہے جو کہ علاقے کے غریب و مستحق افراد میں تقسیم کی جائیگی۔
انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ہر سال ایک ساتھ رمضان اور عید کے انعقاد پر مسائل اور اختلافات کاسامنا ہے تاہم حکومت اس حوالے سے رویت ہلال کمیٹی کا بل قومی اسمبلی و سینیٹ میں پیش کیا جاچکا ہے جو کہ کمیٹیوں میں موجود ہیں جس کی حتمی منظوری کے بعد ملک میں ایک ساتھ روزہ رکھنا اور عید منانا ممکن ہوجائے گا۔
بل میں باقاعدہ جرمانہ تجویز کئے گئے ہیں اور میڈیا کے لئے ضابطہ اخلاق واضح کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ روزہ کے حوالے سے غلط خبر شیئر کرنے پر میڈیا پر جرمانہ عائد ہوگا جبکہ خود سے اعلان کرنے والے علماء اور پرائیویٹ کمیٹیوں پر بھی جرمانے عائد کئے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے،فوری الیکشن کا اعلان کرے، وزیر داخلہ