لاہور:پی ڈی ایم اتحاد کی جانب سے مینار پاکستان پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ تابعدار خان کو جانا ہوگا، کیونکہ اس نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا۔
مریم نواز شریف نے پی ڈی ایم کے جلسے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی تبدیلی کا آغاز مینار پاکستان سے شروع ہوا تھا، آج اسی تبدیلی کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا۔انہوں نے کہا کہ لاہوریوں نے عوام دشمن حکومت کو مینار پاکستان کی بلندی سے نیچے پھینک دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور چاروں صوبوں کو جوڑے گا۔ لاہور آج سگے بھائی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ زندہ دلان لاہور نے سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بھائیوں کو خوش آمدید کہا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اتنی سردی کے باوجود لوگوں کے جلسے میں آنے پر میں انھیں سلام پیش کرتی ہوں۔ جلسے کے منتظمین نے بتایا کہ ہزاروں کرسیاں لگیں۔ لوگ اتنے زیادہ ہیں کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ کرسیاں کدھر چلی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ کون کہتا تھا کہ کرسیاں دینے والوں کے خلاف مقدمات درج ہونگے۔ کون فرعون کے لہجے میں کہتا تھا کہ مینار پاکستان کو بھر کے دکھائے۔ تم اپنی کرسیاں اپنے پاس ہی رکھو، جس نے آکر دیکھنا ہے آکر دیکھ لے۔
مریم نواز نے کہا کہ مینار پاکستان کے آس پاس کی تمام سڑکیں بھی بھر چکی ہیں۔ ہزاروں لوگ پنڈال میں نہیں آسکے۔ لاہوریوں نے مینار پاکستان کے سائے میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تین سال تک این آر او نہ دینے کی گردان کرنے والے عمران خان آج خود این آر او مانگ رہے ہیں لیکن اب نواز شریف روٹی چوری کرنے والے اور عوام کی ترقی چھیننے والے کو این آر او نہیں دے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، لیڈی ہیلتھ ورکرز احتجاج کررہی ہیں، مہنگائی کے باعث عوام بلک رہے ہیں، تابعدار خان کوعوام کی پرواہ نہیں۔