اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے 23 مارچ کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر دیاگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن کی اعلیٰ قیادت کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ شہباز شریف نے خود پیپلزپارٹی کے وفد کا استقبال کیا۔ پی پی پی کے وفد میں سابق صدر آصف زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، سابق وزیر اعظم یوسف گیلانی، شیری رحمان اور دیگر شریک ہوئے۔
(پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی عشائیے میں شریک تھے ان کے ہمراہ مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم دُرانی و دیگر بھی موجود تھے۔ جمعیت اہلحدیث کے ساجد میر، شفیق ترین، مبیر کبیر،عوامی نیشنل پارٹی کے امیر حیدر خان ہوتی، ایمل خان ولی، بی این پی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل اور شاہاحمد نورانی نے بھی شرکت کی۔
امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے قائدین کا مشترکہ اجلاس ہوا، اجلاس کی میزبانی لیگی صدر شہباز شریف نے کی۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ جمہوری دائرے کے بجائے حکومت فساد کی راہ اپنا چکی ہے، اراکین کوکھلے عام دھمکیاں دی جارہی ہے، حکومت ڈی چوک میں جلسہ کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک قومی امنگوں کی امین ہے، جعلی وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد عوام کی امنگوں کا مظہرہے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ کارکن 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف روانہ ہو جائیں۔ 23 مارچ کو پی ڈی ایم نے جس لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا وہ ہو گا، پیپلز پارٹی اور عوامی پارٹی کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کا وسیع تر مفاد میں ملکر کام کرنے پر اتفاق