اسلام آباد: وفاقی حکومت کا ایک اور بڑا فیصلہ سامنے آگیا، پاکستان کرکٹ بورڈ الیکشن معاملے پر پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 19 جون کی شب 12 بجے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اپنی مدت مکمل ہونے کے بعد ختم ہوگئی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی سمیت تمام ممبران غیر فعال ہوگئے ہیں اور کمیٹی کو اب فیصلے کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ذکا اشرف اور مصطفی رمدے کو پاکستان کرکٹ بورڈ گورننگ بورڈ کیلئے نامزد کردیا ہے۔
دریں اثنا نجم سیٹھی نے چیئرمین پی سی بی کے عہدے کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد جاتے جاتے شہروں کی نامزدگی کرتے ہوئے بڑے شہروں کو شامل کرلیا،پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے اپنی آخری مصروفیت کے طور پر بورڈ آف گورنرز کی منظوری دیدی۔
وزیر اعظم اور پیٹرن شہباز شریف کی جانب سے ذکاء اشرف اور مصطفٰی رمدے کی بورڈ آف گورنرز میں نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کے بعد مینجمنٹ کمیٹی کا آخری اجلاس قذافی اسٹیڈیم میں نجم سیٹھی کی صدارت میں ہوا جس میں بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔
مزید پڑھیں:نجم سیٹھی کا چیئرمین پی سی بی کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان
بورڈ آف گورنرز میں 4 ریجنز پشاور، لاہور، کراچی اور راولپنڈی، اتنے ہی ڈپارٹمنٹس سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ، سوئی سدرن گیس کمپنی، واپڈا اور خان ریسرچ لیبارٹریز کو نمائندگی دی گئی ہے، 2 پیٹرن کے نامزد افراد کی شمولیت سے 10 رکنی بورڈ آف گورنرز مکمل ہوگیا جو نئے چیئرمین کا انتخاب کرے گا۔