کراچی:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز (بدھ) کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید مہنگا ہو گیا، انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قدر میں 22 پیسے کی برتری دیکھی گئی۔
موجودہ کورونا وباء کے باعث ملک بھر میں معاشی مشکلات بڑھ گئی ہیں، جس کے باعث روپیہ بھی روز بروز اپنی قدر کھو رہا ہے، جبکہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روپے کی قدر میں مزید گراوٹ آسکتی ہے۔
رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز (بدھ) کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 22 پیسے مہنگا ہوا۔ پانچ جون سے لیکر اب تک امریکی ڈالر کی قدر میں 1 روپیہ 25 پیسے بڑھ گئی۔
کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ایک امریکی ڈالر کی نئی قیمت 164.33 روپے سے بڑھ کر 164.55 روپے ہو گئی ہے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج کے دن زبردست تیزی دیکھنے کو ملی ، 100 انڈیکس میں 264.48 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد 35 ہزار کی نفسیاتی حد عبور ہو گئی اور انڈیکس 35065.08 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔