لاہور: پاکستان ا سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز (پیر)کے دوران زبردست تیزی دیکھنے کو ملی، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 257.51 پوائنٹس بڑھ گیا۔
پاکستان میں معاشی حوالوں سے بہتری کی خبریں آنے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں، پہلے کاروباری روز (پیر) کے دوران کاروبار کا آغاز ہی بہترین انداز میں ہوا۔ صبح دس بجے تک انڈیکس 214.32 پوائنٹس بڑھ گیا تھا۔
آج کے دن کاروبار کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 43760.67 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور کاروبار کا اختتام 257.51 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 43674.28 پوائنٹس پر ہوا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے دوران 0.59 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 24 کروڑ 11 لاکھ 73 ہزار 221 شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 30 ارب روپے کے قریب فائدہ ہوا۔