حرام خوروں کی جنت کہلانے والا دنیا کا واحد ملک جہاں کوئی ٹیکس نافذ نہیں

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وانواتو میں شہریوں پر کوئی انکم ٹیکس عائد نہیں ہوتا، فوٹو عالمی میڈیا

کیا آپ جانتے ہیں دنیا میں ایک ایسا ملک بھی ہے جو دنیا بھر کے ٹیکس چوروں کی جنت کہلاتا ہے اور جہاں کوئی ٹیکس نہیں دینا پڑتا؟ آئیے ہم آپ کو اس ملک کے بارے میں آگاہ کریں۔

دنیا کے اس عجیب و غریب ملک کا نام وانواتو ہے، اس کی سب سے بڑی پہچان اس کا گولڈن پاسپورٹ یا سٹیزن شپ بائی انویسٹمنٹ پروگرام ہے اور یہی اس کی کمائی کا بڑا ذریعہ ہے۔ جس کے تحت دولت مند افراد مخصوص سرمایہ کاری کے ذریعے اس ملک کی شہریت حاصل کر سکتے ہیں۔

وانواتو کی شہریت کے فوائد

وانواتو میں شہریوں پر کوئی انکم ٹیکس عائد نہیں ہوتا۔

اس ملک میں کیپیٹل گین ٹیکس بھی نہیں، جو اسٹاک مارکیٹ، رئیل اسٹیٹ، یا دیگر اثاثوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے فائدہ مند ہے۔

یہاں وراثتی ٹیکس اور کارپوریٹ ٹیکس بھی نہیں لیا جاتا۔

اگر کوئی کاروبار وانواتو میں رجسٹرڈ ہے لیکن اس کی آمدنی بیرون ملک سے ہو رہی ہے، تو اس پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا۔

وانواتو میں گفٹ ٹیکس، اسٹیٹ ٹیکس یا وِدہولڈنگ ٹیکس بھی نافذ نہیں۔

ماہر امیگریشن زلاٹا ایرلاچ کے مطابق، وانواتو تیزی سے کرپٹو ہب کے طور پر ابھر رہا ہے۔ یہاں 32 ملین مربع فٹ پر محیط ”ساتوشی آئی لینڈ“ کو عالمی کرپٹو سینٹر بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

وانواتو کی دیگر خصوصیات

یہاں سرکاری کرنسی ”وانواتو واتو“ (VUV) ہے، 2 روپے 36 پیسے کا ایک واتو بنتا ہے۔

یہاں تین سرکاری زبانیں بولی جاتی ہیں: انگریزی، فرانسیسی اور بسلاما۔

2024 کے ”ہیپی پلینٹ انڈیکس“ میں وانواتو کو دنیا کا سب سے خوش ترین ملک قرار دیا گیا، اس سے قبل 2006 میں بھی یہ اعزاز حاصل کر چکا ہے۔

وانواتو کا سفر کیسے کریں؟

اگر آپ وانواتو جانا چاہتے ہیں تو آسٹریلیا کے شہر سڈنی سے محض تین گھنٹے کی فلائٹ کے ذریعے وہاں پہنچ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ، فجی اور دیگر پیسیفک ممالک سے بھی براہ راست پروازیں دستیاب ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 2020 میں وانواتو کی کل آبادی صرف 3 لاکھ تھی۔ جو کہ کئی پاکستانی چھوٹے شہروں سے بھی کم ہے۔

یہ ملک کہاں واقع ہے؟

وانواتو جنوب مغربی بحرالکاہل میں واقع ایک جزیرہ نما ملک ہے۔ یہ آسٹریلیا کے مشرق میں، نیوزی لینڈ کے شمال میں اور فیجی کے مغرب میں واقع ہے۔ وانواتو تقریباً 80 چھوٹے بڑے جزیروں پر مشتمل ہے اور اس کا دارالحکومت پورٹ ویلا ہے۔

Related Posts