اسرائیلی حملوں میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 690 ہوگئی، 3700 سے زائد زخمی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

غزہ: اسرائیلی فورسز کے غزہ پر مسلسل حملوں کے نتیجے میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 690 ہوگئی جبکہ 3700 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں بیسیوں شہادتیں ہوئیں، اسرائیلی حملوں میں طبی عملے کے 5 ارکان بھی شہید ہوگئے۔

اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 7 مساجد، 72 عمارتیں تباہ ہو گئیں اور عمارتوں کے ملبے تلے کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب لبنانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنان کی سرحد پر حزب اللہ سے لڑائی میں اسرائیلی فوج کے ڈپٹی کمانڈر سمیت 2 فوجی ہلاک ہوگئے۔

اسرائیل نے قبلہ اول کا محاصرہ کرلیا

اسرائلی فورسز پر حماس کے زمینی حملے بھی جاری ہیں، حماس کے حملوں میں ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 1100 جبکہ 2 ہزار 741 افراد زخمی ہوئے۔

یہودی آبادکاروں کی ایک بستی میں حماس کے ہاتھوں ہلاک 108 اسرائیلیوں کی لاشیں ملی ہیں، برآمد لاشوں میں سے 100 لاشیں اسرائیلی فوجیوں کی ہیں۔

اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مکمل محاصرے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس نے کہا کہ غزہ میں بجلی، ایندھن اور کھانے کی ترسیل بند ہونے سے سنگین صورت حال مزید بگڑ جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں موجود بے یار و مددگار فلسطینیوں کیلئے انسانی امداد نہ روکی جائے، عالمی برادری فوری انسانی امداد کیلئے آگے آئے۔

قبل ازیں اسرائيلی وزير دفاع نے غزہ کے مکمل محاصرے کا حکم دیا تھا جس کے بعد غزہ کی سرحد پر فوج اور ٹینک پہنچا دیے گئے۔

یاد رہے کہ اسرائیل کے غزہ پر حملے مسلسل تیسرے روز بھی جاری ہیں جن میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں فلسطینی شہید جبکہ 3 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

Related Posts