تین ملکی کرکٹ سیریز میں شرکت کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم آکلینڈ سے براستہ دبئی لاہور پہنچ گئی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم آج مکمل آرام کرے گی، مہمان ٹیم کل سے پریکٹس سیشن کا آغاز کرے گی۔ تین ملکی سیریز کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آٹھ فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔
لاہور میں پاکستان اور نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتانوں کی پریس کانفرنس بھی رکھی گئی ہے۔ تین ملکی سیریز کے لیے جنوبی افریقا کی ٹیم جمعے کو لاہور پہنچے گی اور انکا ہفتے کو پہلا ٹریننگ سیشن ہوگا۔
دوسری طرف آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل ہونے والی سہ ملکی سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت منگل سے شروع ہوگئی۔ پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے آن لائن ٹکٹ بھی فروخت کے لیے پیش کر دیے گئے، جہاں شائقین کا کافی رش دکھائی دے رہا ہے۔
کراچی میں ٹی سی ایس کے مقررہ مراکز پرٹکٹ حاصل کرنے والوں کی بڑی تعداد نے رجوع کیا، سیریز کا تیسرا میچ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 12 فروری کو کھیلا جائے گا جبکہ 14 فروری کو فائنل کا انعقاد طے ہے۔
ٹکٹ کیسے خریدے جا سکتے ہیں، اس حوالے سے تفصیل سامنے آگئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ایک شناختی کارڈ پر 10 ٹکٹ خریدے جاسکتے ہیں، ان میچز میں بالترتیب شرح ٹکٹ جنرل 350 اور 5 سو روپے، فرسٹ کلاس 750 اور ایک ہزار، پریمیم ایک ہزار اور 15سو، وی آئی پی 15سو اور 2 ہزار، وی وی آئی پی4 ہزار اور 5 ہزار جبکہ گیلری کے لیے 5 ہزار اور 6 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔