اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) نے واضح ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت سمیت پورے پاکستان جن شہریوں نے کورونا کی ویکسین نہیں لگوائی ان کے موبائل عارضی طور پر بند کردیے جائیں گے۔
این سی او سی ہدایت پر وفاقی وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ان تمام پاکستانیوں کے بینک اکاؤنٹس ، موبائل سمز اور شناختی کارڈ عارضی طور پر بند کردیے جائیں گے جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہو گی۔
وزارت صحت کے مطابق جن افراد کی سمز ، اکاؤنٹس اور شناختی کارڈ بلاک کیے جائیں جب تک وہ ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ پیش نہیں کریں گے ان کی مذکورہ بالا چیزین بند رہیں گی۔
نادرا سنٹرز میں مختلف بینکس، پاسپورٹ آفس میں روزمرہ کے کام کے لیے آنے والے شہریوں پر بھی ویکسین سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ جڑواں شہروں میں پینشنر کو بھی ویکسین سرٹیفکیٹ دکھانے پر پنشن ملے گی۔ اس ضمن میں این سی او سی ذرائع نے تمام متعلقہ محکموں کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔
این سی او سی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات اسلئے کیے جارہے ہیں کہ تمام پاکستانیوں کو ویکسین لازمی لگائی جائے تاکہ کرونا وائرس وبا سے بچایا جا سکے۔ جڑواں شہروں میں شناختی کارڈ پاسپورٹ آفس بینک اکاؤنٹس پراسس کے لیے ویکسین سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
این سی او سی کے ذرائع کے مطابق حاملہ خواتین کا اسپتال میں داخلے کے لیے بھی ویکسین کو مشروط کردیا گیا ہے ضلعی انتظامیہ نے دفاتر میں آنے والے تمام سائلین کو تمام دفتری امور کے لیے ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کرنے کا عندیہ دے دیا ہے
دوسری جانب این سی او سی کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نےاندرون ملک فضائی سفر کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسی نیشن کے بغیر اندرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے۔ پابندی کا اطلاق یکم اگست سے اندرون ملک پروازوں پر ہوگا۔
سی اے اے کے مطابق بیرون ملک سفر کرنے والے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ ایسے مریض پابندی سے مسثنیٰ ہوں گے جنہیں ویکسی نیشن کے ری ایکشن کی وجہ سے ڈاکٹرز سے منع کیا ہو۔ غیرملکی شہری بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایسے پاکستانی جن کے پاس بیرون ملک ویکسی نیشن کی دستاویزات موجود ہوں،انہیں بھی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سیاحت کے فروغ کے لیے پی آئی اے کی 6 پروازیں اسکردو ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئیں