مظفرگڑھ: پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں پولیس نے 12 گھنٹوں کے اندر اندر 3 کمسن بہنوں کے قاتل کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان پولیس مظفرگڑھ کے مطابق تینوں سگی معصوم بہنوں کا قاتل ان کا اپنا بڑا بھائی نکلا، ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے واقعہ کی ذمہ داری بھی قبول کرلی۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے جدید طریقہ تفتیش استعمال کرتے ہوئے ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) حسنین حیدر کے مطابق بچیوں کا قاتل ان کا اپنا بھائی تھا جس کی شناخت باسط کے نام سے ہوئی، ملزم بہنوں کو بہانے سے قریبی کوارٹر لے کر گیا اور وہاں چھری کے وار سے انہیں قتل کیا۔
ایف آئی اے نے جعلی ٹریول ایجنسی سے 250پاسپورٹ برآمد کرلئے، دو ملزمان گرفتار
حسنین حیدر نے بتایا کہ ملزم نے بہنوں کی گمشدگی کی اطلاع بھی خود ہی پولیس کو دی تھی، پولیس کو ملزم کے ہاتھ پر زخم دیکھ قتل کا شبہ ہوا اور 12 گھنٹے کے اندر اندر ملزم کو گرفتار کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مظفر گڑھ کے علاقے تھرمل پاور کالونی میں سیکیورٹی سارجنٹ کی 3 معصوم بچیوں کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا تھا۔
7 سالہ فاطمہ اور 8 سالہ زہرہ کھیلنے کیلئے گھر کے سامنے والے پلاٹ میں گئیں تو واپس نہ آئیں، لاپتہ بہنوں کو ڈھوندنے کیلئے جانے والی 11 سالہ اریشہ بھی گھر واپس نہ آئی اور بعدازاں تینوں بہنوں کی لاشیں ان کے گھر کے ساتھ خالی کوارٹر سے ملیں۔