کراچی:شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن ساڑھے 11 مخدوم شاہ کالونی میں ایک موٹر سائیکل سوار تیز بارش کے پانی کے بہا ؤمیں بہہ کر لا پتا ہو گیا۔جس کی تلاش جاری ہے۔پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث تلاش کے عمل میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت شہری کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ادھر کراچی میں ناگن چورنگی پاور ہاؤس، یو پی موڑ پر نالہ ابل پڑا ہے اور سڑک زیر آب آ گئی ہے، ناگن چورنگی سے پاور ہاؤس تک سڑک زیر آب آنے سے ٹریفک بھی معطل ہو گئی ہے۔ بارش کے بعد سرجانی ٹاؤن بھی پانی میں ڈوب گیا ہے۔
سرجانی نالہ اوور فلو ہونے سے سڑکیں اور نالہ ایک لیول پر آ گیا، پانی بھر جانے کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی تھیں، برساتی پانی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑاہے، جگہ جگہ گاڑیاں بند ہو گئی ہیں۔بارش سے سبزی منڈی میں بھی تباہ کاری ہوئی ہے۔
بارش کے پانی سے سبزی منڈی کی ٹوٹی سڑکیں تالاب بن گئیں، پانی سے سبزی منڈی کچرے اور کیچڑ کا مرکز بن کر تعفن زدہ ہو گئی سے جس سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ سر اٹھا چکا ہے، ہول سیل فروٹ، سبزی منڈی میں لاکھوں روپے کا مال بارش کی نذر ہو چکا ہے۔
منڈی انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی سے تاجروں کو شدید نقصان پہنچا۔دوسری طرف صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ اور سعید غنی مختلف علاقوں کادورہ کیا، صوبائی وزرا نے بارش کے بعد نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ناصر شاہ نے ہدایت کی کہ میونسپل کمشنرز اور افسران نکاسی آب کے لیے سڑکوں پر رہیں۔خیال رہے کہ مون سون کے تیسرے اسپیل میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق گلستاں جوہر یونیورسٹی روڈ پر 78.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
سرجانی ٹاؤن میں 68.4 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 57.6 ملی میٹر، صدر میں 51، کیماڑی میں 48.5، نارتھ کراچی میں 47.3 ملی میٹر، فیصل بیس پر 43 ملی میٹر، ناظم آباد میں 27.5 ملی میٹر، کلفٹن میں 21.4، پی اے ایف مسرور 18، جب کہ لانڈھی میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔