جدید صنعتی انقلاب جسے انڈسٹری 4.0 بھی کہا جاتا ہے، ہمارے رہنے، سیکھنے اور کام کرنے کے انداز میں انقلاب برپا کر رہا ہے۔
صنعت کاری کی یہ نئی لہر مواقع اور چیلنج دونوں لاتی ہے، کیونکہ یہ روایتی روزگار کی منڈیوں میں تعطل پیدا کرتی اور نئی تخلیقات پر اکساتی ہے۔ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ ہی ایسی ملازمتیں عام ہونے لگیں گی جو آج سرے سے موجود نہیں ہیں جبکہ دیگر ختم ہو جائیں گی۔
یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا پاکستان اس ممکنہ رکاوٹ کے لیے تیار ہے جو مصنوعی ذہانت اور آٹومیشن اس کی لیبر مارکیٹ میں لائے گی؟ اور بدقسمتی سے ہمارا جواب نفی میں ہے۔
پاکستان کو چوتھے صنعتی انقلاب کے لیے اپنی افرادی قوت کی تیاری میں اہم مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک بڑا چیلنج ملک میں ناخواندگی کی بلند شرح ہے۔ وفاقی وزارتِ تعلیم کے مطابق پاکستانی آبادی کا تقریباً 40 فیصد حصہ لکھنے پڑھنے سے قاصر ہے۔
مزید برآں، ملک میں انٹرنیٹ کی رسائی کم ہے، 2020ء میں صرف 25 فیصد آبادی کی انٹرنیٹ تک رسائی اور تعلیم کے بنیادی اجزاء کی شدید کمی ہے، جب کہ آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ پاکستان اس وقت دنیا کی پانچویں بڑی آبادی والا ملک ہے، جس کے 64 فیصد شہریوں کی عمر 30 سال سے کم ہے۔ یہ ایک اہم مسئلہ ہے جسے اب حل کرنے کی ضرورت ہے۔
عالمی سطح پر چوتھے صنعتی انقلاب کی ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹلائزیشن کو اپنانے کی وجہ سے لیبر مارکیٹ پہلے ہی نمایاں رکاوٹوں سے گزر چکی ہے۔ ان رکاوٹوں نے ملازمتوں پر مثبت اور منفی دونوں طرح کے اثرات مرتب کیے ہیں، پیداواری صلاحیت اور کاروباری طریقوں میں اضافہ کیا جبکہ ملازمتوں کے نقصانات اور مہارتوں کی کمی کے بھی اسباب پیدا ہوئے۔
لیکن یہ واضح ہے کہ یہ نئی ٹیکنالوجیز لیبر مارکیٹوں اور روزگار کو اہم طریقوں سے نئی شکل میں ڈھال رہی ہیں۔ تقریباً تمام پیشے چوتھے صنعتی انقلاب کی ٹیکنالوجیز سے متاثر ہو رہے ہیں، مشکلات کو کم کرنے اور مہارتوں کی نشوونما اور شمولیت کو آسان بنانے کیلئے بروقت پالیسی اقدامات کی ضرورت ہے۔
توقع یہ کی جاتی ہے کہ چوتھے صنعتی انقلاب کی ٹیکنالوجیز لاگو کرنے کے نتیجے میں ملازمتوں میں کمی اور مختلف کاموں میں اضافہ ہوگا۔ ملازمت کے حصول کو یقینی بنانے اور کارکنوں کو تبدیل شدہ ملازمتوں میں منتقلی میں مدد دینے کیلئے صنعت کی تیاری اور انفرادی مہارتوں کو بہتر بنانے کے لیے کوششوں کی ضرورت ہے۔
پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو چوتھے صنعتی انقلاب کے لیے اپنی افرادی قوت کو تیار کرنے اور عالمی منڈیوں میں اپنا مسابقتی فائدہ برقرار رکھنے کے لیے مناسب پالیسی فریم ورک کی ضرورت ہے۔ تاہم مصنوعی ذہانت اور آٹومیشن ٹیکنالوجیز میں تیزی سے ترقی بھی بڑے پیمانے پر تکنیکی بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی معاشی عدم مساوات کے بارے میں خدشات کو جنم دیتی ہے۔
کورونا جیسے وبائی مرض نے تمام صنعتوں میں کاروبار اور ملازمتوں کی ڈیجیٹل تبدیلی کو مزید تیز کر دیا ہے۔ وبائی امراض کے دوران اختیار کی گئی بہت سی ڈیجیٹل حکمت عملیوں کے بحران ختم ہونے کے بعد بھی برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے ملازمتوں اور مہارتوں پر چوتھے صنعتی انقلاب کے اثرات و مضمرات کا جائزہ لینے کے لیے وسطی ایشیا میں زیادہ ترقی کرنے والی صنعتوں پر ایک مطالعہ کیا جس کا مقصد ملازمتوں، کاموں اور مہارتوں میں متوقع تبدیلیوں کو حاصل کرنا اور مستقبل کی ملازمتوں کے لیے افرادی قوت کو تیار کرنے کے لیے پالیسی ہدایات فراہم کرنا تھا۔
اس تیزی سے بدلتے ہوئے منظر نامے میں پاکستانی نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل خواندگی کی اہمیت کو سمجھنا اور اپنی صلاحیتوں کو مسلسل اپ ڈیٹ کرنا بہت ضروری ہے۔ انٹرنیٹ بہت سارے وسائل پیش کرتا ہے، بشمول آن لائن لرننگ پلیٹ فارمز جہاں نوجوان خود کو اَپ سکل کرکے بہتر ہنر مند بنا سکتے ہیں۔
آٹومیشن، ای کامرس، اور ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری نوجوانوں کو نئی ٹیکنالوجیز سے ہم آہنگ رہنے پر ابھارتی ہے۔ یہ ترقی ٹیکنالوجی کو جدید بنانے، ڈیجیٹل بینکنگ اور آن لائن سیکھنے جیسے کاموں کو آسان بنانے کے بے شمار مواقع پیش کرتی ہے۔
اکیسویں صدی میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے نوجوانوں کو 2025 میں مطلوبہ 10 بہترین مہارتوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ان مہارتوں میں ٹیکنالوجی کا استعمال اور نگرانی، تنقیدی سوچ، مسلسل سیکھنے، مسئلہ حل کرنے، لچک، پیچیدہ مسائل کو حل کرنے اور قیادت جیسی مہارتیں شامل ہیں۔ ، تخلیقی صلاحیت میں ڈیٹا سائنس، خاص طور پر ایک تیزی سے بڑھتا ہوا شعبہ ہے جو کہ کیریئر کے امید افزا مواقع فراہم کرتا ہے۔ پاکستانی نوجوانوں کو ڈیٹا سائنس کی مہارتیں حاصل کرنے اور عالمی جاب مارکیٹوں میں پہنچنے کے لیے آن لائن لرننگ پلیٹ فارمز سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اس سے نہ صرف پاکستان کو زرمبادلہ کمانے میں مدد مل سکتی ہے بلکہ ڈیٹا سائنس اور اے آئی میں ٹیلنٹ ہب کے طور پر اس کی ساکھ میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔
تاہم نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت کے عروج کی وجہ سے بعض پیشوں کے ممکنہ متروک ہونے کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے۔ ایسی ملازمتیں جن میں دستی مشقت یا دہرائے جانے والے کام شامل ہوتے ہیں ان کی جگہ روبوٹس کے لیے جانے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔
نوجوانوں کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ سیکھنا اور کام کرنا اب الگ الگ زمرے نہیں ہیں بلکہ ایک کامیاب کیریئر کے لیے تکمیلی عناصر ہیں۔ حکومت کو ایسے اقدامات کی حمایت کرنی چاہیے جو تربیت فراہم کریں اور نوجوانوں میں ٹیکنالوجی کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔