وفاقی وزارت خزانہ نے ملک میں مہنگائی کے حوالے سے عوام کو بڑی خوشخبری سنا دی۔
وزارت خزانہ نے ستمبر کی اپ ڈیٹ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی جس میں مہنگائی میں مزید کمی کی پیش گوئی کے ساتھ ستمبر اور اکتوبر میں مہنگائی 8 سے 9 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اکنامک آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے، رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران ہی مثبت معاشی آثار نظر آرہے ہیں۔
معاشی آوٹ لک رپورٹ میں کہا گیا کہ صنعتی پیدا وار اور بڑے شعبوں کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، جاری کھاتوں کے خسارے میں بھی کمی ہوئی ہے۔
اکنامک آؤٹ لک رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ستمبرمیں برآمدات ڈھائی سے تین ارب ڈالر کے درمیان رہنے کی توقع ہے، ستمبر میں ترسیلاتِ زر 2 ارب 70 کروڑ ڈالر سے 3 ارب 20 کروڑ ڈالر تک رہنے کا امکان ہے۔