کراچی: محکمہ موسمیات نے رمضا ن المبارک کا چاند 13 اپریل دکھائی دینے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ 14 اپریل کو یکم رمضان ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند آج صبح 7 بجکر 32 منٹ پر پیدا ہوچکا ہے جبکہ کل غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 35گھنٹے سے زیادہ ہو گی اس لیے کل شام چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل شام بیشتر علاقوں میں مطلع صاف یا جزوی ابرآلود رہنے کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 13 اپریل کی شام غروب آفتاب اور غروب قمر کا فرق 71 گھنٹے ہوگا۔
دوسری جانب ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ اس سال پاکستان میں رمضان المبارک کے 30 روزے ہوں گے۔ پہلا روزہ 14 اپریل بروز بدھ سے ہوگا جبکہ عید الفطر 14 مئی کو ہوگی ۔
کورونا کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر( این سی او سی ) نے تمام مساجد کو ایس او پیز کے تحت کھلے رکھنے کی ہدایات جاری کردی ہیں ۔ این سی او سی حکام کا کہنا ہےکہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر تمام نمازی حضرات ماسک کا استعمال لازمی کریں گے اور سماجی فاصلوں کا بھی خیال رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان ریلویز نے موسم گرما کے لیے ٹرینوں کے نئے اوقات کار جاری کردیئے