کراچی: محکمہ موسمیات نے آج بالائی اور وسطی خیبر پختونخوا جبکہ شمال مشرقی پنجاب میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، دوسری جانب محکمہ موسمیات نے جولائی کے پہلے ہفتے میں کراچی میں مون سون کی بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز احمد کے مطابق مون سون کا نیا سیزن جولائی کے مہینے سے ستمبر کے وسط تک جاری رہ سکتا ہے تاہم فی الحال کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
سردارسرفراز کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے موسم جزوی ابرآلود رہے گا اورجولائی میں اندازہ ہوگا کہ بارش کا اسپیل کیسا رہے گا۔ پچھلے ہفتے کراچی کے کچھ علاقوں میں پری مون سون کے حوالے سے بادل برسے تھے۔ سمندری ہوائیں بند رہنے کے باعث شہر میں حبس کی کیفیت تھی اور شہری شدید پریشانی میں مبتلا تھے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سے شمال مشرقی پنجاب ، بالائی خیبرپختونخوا کے علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔
پنجاب میں ملتان، میانوالی، لیہ، ڈی جی خان میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں بھی رات کے وقت بارش کی توقع ہے، خیبرپختونخوا میں سوات، کوہاٹ، مانسہرہ میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور سندھ میں رواں ہفتے موسم شدید گرم رہے گا، سبی میں درجہ حرارت 48 تک جانے کی پیشگوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوان سب سے بڑ ی شجرکاری مہم میں حصہ لینے کے لیے تیار رہیں، وزیراعظم