اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج طلب کرلیا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دوپہر ڈھائی بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں اہم قومی امور زیر بحث آئیں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سپریم کورٹ میں زیر سماعت معاملات کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ حکومت کی قانونی ٹیم عدالتی امور پر بھی بریفنگ دے گی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے جاری کرنے کی آج آخری تاریخ ہے۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ وزارت خزانہ اکاؤنٹنٹ جنرل رقم دینے کی تصدیقی رپورٹ 18 اپریل کو عدالت میں پیش کریں۔
ایک دن انتخابات کیلئے سراج الحق کی تجویز سامنے آگئی
حکم نامے میں کہا گیا تھا الیکشن کمیشن 18 اپریل کو 21 ارب روپے فنڈز وصولی کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائے۔
علاوہ ازیں فنڈز فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا خصوصی اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔ اجلاس میں اٹارنی جنرل، گورنر اسٹیٹ بینک اور آڈیٹر جنرل کو شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔