کراچی:سندھ کے وزیرِ تعلیم سعید غنی نے کہاہے کہ اس وقت نام نہاد جمہوری حکومت قائم ہے، میڈیا جتنا دباؤ میں آج ہے، آمروں کے دور میں بھی نہیں تھا۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ سندھ سعید غنی نے کہا کہ اتحادی جماعت کے خلاف نیب کیسز کی ٹائمنگ اہم ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ حکومت کے جلد غیر مقبول ہونے میں اپوزیشن نے کردار ادا کیا ہے، اعتراف کرتا ہوں کہ الیکشن اصلاحات میں ناکام رہے ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ پیپلز پارٹی یا ن لیگ ایک دوسرے کے پیچھے چل پڑیں۔
کوئی سیاسی جماعت حکومت کی سپورٹ کا تاثر دینے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ عوام اس وقت عذاب کی زندگی گزار رہے ہیں، معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے، اپوزیشن نے عوامی ایشوز پر قیادت نہ کی تو لوگ اس سے مایوس ہو جائیں گے۔
وزیرِ تعلیم سندھ نے کہا کہ حکومت اتحادیوں کی وجہ سے قائم ہے جنہیں زبردستی ساتھ کھڑا کیا گیا ہے، اتحادی اس حکومت کی نالائقیوں کا بوجھ اٹھا کر اپنا ستیاناس نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ ممکن ہے کہ اتحادی الگ ہوں تو حکومت گر جائے، پاکستان تحریکِ انصاف کے اندر بھی بغاوت چل رہی ہے۔سعید غنی نے کہاکہ ہم نہیں چاہتے تھے کہ مسلم لیگ(ن) کا چیئرمین سینیٹ بن جائے، اپنی غلطیوں سے پیپلز پارٹی اور ن لیگ سیکھ چکی ہیں۔